پاکستان میں ہیلمٹ پابندی پر سوشل میڈیا کا طنزیہ طوفان

Goat wearing helmet

محمد عمران:ملک بھر میں موٹر سائیکل سواروں کے خلاف ہیلمٹ نہ پہننے پر جاری کریک ڈاؤن ایک بار پھر سوشل میڈیا پر مذاق اور طنز کا موضوع بن گیا ہے۔ مختلف شہروں میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں، مگر عوامی ردِعمل نے اس مہم کو ایک نیا رخ دے دیا ہے۔ فیس بک، ایکس (ٹویٹر) اور انسٹاگرام پر صارفین اس پابندی پر دلچسپ میمز، ویڈیوز اور طنزیہ پوسٹس شیئر کر رہے ہیں، جن میں شہری ٹریفک قوانین کی سختی کو اپنے مخصوص ہلکے پھلکے انداز میں بیان کرتے نظر آتے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت بے شک ضروری ہے، لیکن جرمانوں، ناکہ بندیوں اور روزانہ کی پکڑ دھکڑ نے اس مسئلے کو ’’مزاح کا موضوع‘‘ بنا دیا ہے۔ کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ ٹریفک قوانین صرف چند دنوں تک سختی سے نافذ ہوتے ہیں، پھر سب کچھ دوبارہ پہلے جیسا ہو جاتا ہے، اس لیے مہم کو سنجیدہ لینے کے بجائے عوام نے اسے تفریح کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ نہ پہننے سے ہونے والے حادثات اور جانی نقصان میں کمی لانا پہلی ترجیح ہے، اور سوشل میڈیا پر ہونے والا مذاق اس مہم کی اہمیت کم نہیں کرتا۔