کوئٹہ میں سلطان گولڈن کی دھوم: دو نئے عالمی ریکارڈ قائم، بلوچستان کی رونقیں بحال

کوئٹہ: پاکستان کے نامور اسٹنٹ مین سلطان محمد گولڈن نےکے دارالحکومت کوئٹہ میں ڈی ایچ اے کے مقام پر منعقد ہونے والے انٹرنیشنل لیول اسٹنٹ شو میں دو نئے عالمی ریکارڈ قائم کر کے ملک کا نام روشن کر دیا۔ عرصے بعد کوئٹہ میں اس طرح کا شاندار ایونٹ منعقد ہوا جس میں غیر ملکی شرکاء سمیت ہزاروں شائقین نے شرکت کی اور بلوچستان کی امن و خوشحالی کی بحالی کا پیغام دنیا بھر میں پہنچایا۔سلطان گولڈن نے پہلے تیز ترین ریورس ڈرائیونگ کا عالمی ریکارڈ توڑا جہاں انہوں نے ایک میل کا فاصلہ ریورس گیئر میں صرف 57 سیکنڈز میں طے کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 2022 میں ایک امریکی اسٹنٹ مین کے پاس تھا جس نے یہی فاصلہ 1 منٹ 15 سیکنڈز میں مکمل کیا تھا۔ اس کے بعد سلطان گولڈن نے ریورس ریمپ جمپ میں بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا جہاں انہوں نے 121.72 فٹ کا فاصلہ طے کیا، جبکہ پرانا ریکارڈ 89 فٹ 3.25 انچ تھا۔

ایونٹ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر اور متعدد سول و ملٹری افسران موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے سلطان گولڈن کو دو ریکارڈ قائم کرنے پر 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ سلطان نے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی سلطان گولڈن کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کو پاکستان کی عالمی سطح پر مثبت تصویر قرار دیا۔سلطان گولڈن، جو ضلع پشین سے تعلق رکھتے ہیں، کئی دہائیوں سے اسٹنٹ کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ یہ ایونٹ بلوچستان میں امن کی بحالی اور سیاحت کے فروغ کا بھی ایک بڑا پیغام ہے۔