پنجاب میں سال 2025 کی آخری انسداد پولیو مہم

last Polio drive 2025 in punjab

محمد عمران:لاہور: پنجاب میں سال 2025 کی پانچویں اور آخری قومی انسداد پولیو مہم 15 دسمبر سے شروع ہو رہی ہے، جس کا ہدف صوبے بھر میں 17 ملین سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہے۔پنجاب ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (ای او سی) کے کوآرڈینیٹر عدیل تصویر نے بتایا کہ اس انسداد پولیو مہم کے دوران لاہور میں سات روزہ جبکہ دیگر اضلاع میں چار روزہ ویکسینیشن سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ مہم میں 2 لاکھ سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز اور سپروائزرز حصہ لیں گے، جن میں موبائل ٹیمیں، فکسڈ سائٹس اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر ویکسینیشن شامل ہے۔

پنجاب میں رواں سال صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے، جبکہ ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی میں بھی کمی آئی ہے۔ نومبر میں صرف چار مثبت نمونے سامنے آئے، جو جون کے 43 فیصد سے کم ہو کر 26 فیصد رہ گئے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کا دروازے پر استقبال کریں اور بچوں کو متعدد بار قطرے پلائیں، کیونکہ یہ محفوظ اور موثر ہیں۔اس انٹی پولیو ڈرائیو میں موبائل آبادیوں تک رسائی کے لیے ٹرانزٹ پوائنٹس کو مضبوط بنایا گیا ہے اور کمیونیکیشن ٹیمیں بھی متحرک ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل اعلیٰ معیار کی مہمات سے پولیو وائرس کی منتقلی روکی جا سکتی ہے اور 2026 تک پاکستان پولیو فری ہونے کے ہدف کے قریب پہنچ سکتا ہے۔والدین سے درخواست ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں تاکہ آنے والی نسلیں اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔