پاکستان میں قائد اعظم کا 149واں یوم پیدائش اور کرسمس کی تقریبات

محمد عمران:اسلام آباد/کراچی (25 دسمبر 2025) — پاکستان بھر میں آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 149ویں سالگرہ کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جبکہ مسیحی برادری حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر کرسمس کی خوشیاں منا رہی ہے۔ یہ دونوں تہوار ایک ہی دن 25 دسمبر کو پڑنے کی وجہ سے ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی اتحاد کا خوبصورت منظر پیش کر رہے ہیں۔ حکومت نے اس دن کو قومی تعطیل قرار دے رکھا ہے، جس سے عوام کو ان تقریبات میں بھرپور شرکت کا موقع مل رہا ہے۔
قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ پر خراج عقیدت:
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کی قیادت اور جدوجہد آزادی نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن پاکستان کی شکل میں نعمت عطا کی۔ آج ملک بھر میں ان کے اصولوں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرنے کا عہد تازہ کیا جا رہا ہے۔کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند کیڈٹس نے گارڈ کے فرائض سنبھالے۔ تقریب میں فوجی سلامی پیش کی گئی اور قومی پرچم بلند کیا گیا۔