متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا پاکستان کا تاریخی دورہ

محمد عمران:اسلام آباد (27 دسمبر 2025) — متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان نے کل 26 دسمبر کو پاکستان کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا۔ یہ ان کا بطور صدر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا، جو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر کیا گیا۔معزز مہمان کا نور خان ایئر بیس پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے جے ایف۔17 تھنڈر جنگی طیاروں نے ان کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے پر اسکورٹ کیا اور فضائی سلامی پیش کی۔ استقبال کے موقع پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی، دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شیخ محمد بن زاید کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کیں۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے قریبی رابطے جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ شیخ محمد بن زاید کا دورہ دونوں برادر ممالک کے دیرینہ اور گہرے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اہم موقع ہے۔
انہوں نے اماراتی صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے نئے سال کی آمد پر گرمجوشی کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عوامی سطح پر قریبی روابط موجود ہیں۔ یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوگا۔شیخ محمد بن زاید النہیان اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے۔



