نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں شدید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری

محمد عمران:نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور محکمہ موسمیات نے آج (22 جنوری 2026) ملک کے مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر شدید بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں شمالی اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری جبکہ دیگر صوبوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں۔ اس سلسلے سے ندی نالوں میں طغیانی، فلیش فلڈز، پہاڑی سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ، پھسلن اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔متاثرہ علاقوں کی تفصیلات:گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقے (چترال، سوات، دیر، کالام، ناران، کاغان، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مری، گلیات) میں شدید برفباری کا امکان۔
آزاد جموں و کشمیر (نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، پونچھ) میں بھی برفباری اور بارش۔
بلوچستان (کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، ژوب، مستونگ وغیرہ) میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری۔
سندھ (کراچی سمیت) اور پنجاب کے کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے فوری احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی ہے:غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر پہاڑی اور ندی کناروں والے علاقوں میں۔
برفباری والے علاقوں میں گاڑیوں پر برفانی زنجیریں استعمال کریں۔
کمزور عمارتوں، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں۔
تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے این ڈی ایم اے، محکمہ موسمیات کی ویب سائٹس اور مقامی انتظامیہ سے رابطہ رکھیں۔
یہ موسمی سلسلہ 23 سے 24 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے بعد شدید سردی کی لہر بھی آ سکتی ہے۔ تمام شہری احتیاط برتیں اور محفوظ رہیں!



