پاکستان میں نیپاہ وائرس کے خلاف سخت الرٹ: ہوائی اڈوں، سرحدوں اور بندرگاہوں پر مکمل اسکریننگ نافذ

محمد عمران:پاکستان میں نیپاہ وائرس (Nipah Virus – NiV) کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بھارت میں تصدیق شدہ کیسز کے بعد وفاقی وزارت صحت اور بارڈر ہیلتھ سروسز نے ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدوں پر سخت اور بہتر صحت نگرانی نافذ کر دی گئی ہے۔ پاکستان آنے والے اور ٹرانزٹ کرنے والے تمام مسافروں کی 100 فیصد اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے۔مسافروں کو درج ذیل اقدامات سے گزرنا ہوگا:گزشتہ 21 دن کی مکمل سفری تاریخ فراہم کرنا
تھرمل اسکریننگ (بخار چیک کرنے کے لیے)
طبی معائنہ اور کلینیکل چیک اپ

اگر کسی مسافر میں نیپاہ وائرس کی مشتبہ علامات (جیسے بخار، سر درد، الٹی وغیرہ) پائی جاتی ہیں تو فوری طور پر اسے الگ تھلگ (آئسولیٹ) کیا جائے گا۔ صحت کلیئرنس کے بغیر کسی کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔حکام کے مطابق پاکستان میں اب تک نیپاہ وائرس کا کوئی تصدیق شدہ کیس سامنے نہیں آیا ہے، لیکن احتیاطی تدابیر کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ یہ وائرس انتہائی خطرناک ہے اور اس کی اموات کی شرح 40 سے 75 فیصد تک ہو سکتی ہے۔ اس وقت اس وائرس کا کوئی منظور شدہ علاج یا ویکسین دستیاب نہیں ہے۔یہ اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہیں تاکہ سرحد پار سے وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ مسافروں سے گزارش ہے کہ سفر سے پہلے تازہ ترین ہدایات چیک کریں اور احتیاط برتیں۔