پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14 سال بعد براہ راست پروازیں بحال

Bangladesh-airline

محمد عمران:کراچی (30 جنوری 2026) : پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ 14 سال بعد دوبارہ قائم ہو گیا ہے۔ بنگلہ دیش کی قومی ایئر لائن بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز نے ڈھاکہ سے کراچی کے لیے افتتاحی پرواز کا انعقاد کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان گرمجوشی اور بہتر تعلقات کی علامت ہے۔یہ تاریخی پرواز BG-341 ڈھاکا کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رات تقریباً 8 بجے روانہ ہوئی اور تقریباً 150 مسافروں سمیت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رات 11 بج کر 3 منٹ پر لینڈ ہوئی۔ ایئرپورٹ پر طیارے کا روایتی واٹر کینن سے استقبال کیا گیا، جبکہ خصوصی تقریب کا بھی انعقاد ہوا جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر، پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے افسران اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ یہ محض فضائی رابطہ نہیں بلکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان زندگی کے ہر شعبے میں تعاون کا آغاز ہے۔ یہ پروازیں تجارت، سیاحت، تعلیم اور خاندانی روابط کو فروغ دیں گی۔ پہلے مسافروں نے خوشی کا اظہار کیا کہ اب وہ مہنگے اور طویل راستوں (جیسے دبئی کے ذریعے) کے بجائے براہ راست، کم وقت اور سستے سفر کر سکیں گے۔ پرواز کا دورانیہ تقریباً 3 گھنٹے ہے۔بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے مطابق یہ پروازیں موسم سرما کے شیڈول کے تحت ہر جمعرات اور ہفتہ کو چلیں گی۔ ڈھاکہ سے روانگی رات 8 بجے، کراچی آمد رات 11 بجے، اور واپسی کراچی سے صبح 12:01 بجے ہو گی جو ڈھاکہ صبح 4:20 بجے پہنچے گی۔یہ بحالی 2012 کے بعد پہلی بار ہے جب دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فلائٹس بحال ہوئی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ قدم دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، ثقافتی تبادلے اور عوامی روابط کو مزید مضبوط کرے گا۔