بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پمز ہسپتال میں آنکھ کے علاج کے لیے دوسرا انجیکشن دے دیا گیا

محمد عمران (ویب ڈیسک):اسلام آباد (24 فروری 2026) — پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران احمد خان نیازی کو آنکھ کے فالو اپ علاج کے سلسلے میں اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) منتقل کیا گیا، جہاں انہیں اینٹی VEGF انٹرا وٹریل انجیکشن کی دوسری خوراک دے دی گئی ہے۔پمز ہسپتال کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 74 سالہ عمران خان کو 24 فروری 2026 کی ابتدائی صبح اسپتال لایا گیا۔ علاج سے قبل ماہرین کے ایک بورڈ نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا، جس میں کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ نے ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی کیں (نتائج نارمل تھے) اور کنسلٹنٹ فزیشن نے بھی چیک اپ کیا۔ عمران خان طبی طور پر مستحکم پائے گئے۔باخبر رضامندی حاصل کرنے کے بعد، آپریشن تھیٹر میں معیاری نگرانی، احتیاطی تدابیر اور پروٹوکول کے تحت کنسلٹنٹ اوفتھلمولوجسٹ اور پمز کے ساتھ الشفا آئی ہسپتال کے کنسلٹنٹ وٹریو-ریٹینل سرجن کی رہنمائی میں مائیکروسکوپی گائیڈنس کے تحت اینٹی VEGF انٹرا وٹریل انجیکشن کی دوسری ڈوز دی گئی۔ یہ عمل ڈے کیئر سرجری کے طور پر مکمل کیا گیا۔علاج کے بعد عمران خان کی حالت تسلی بخش رہی اور انہیں ڈسچارج کر کے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔ تیسرا اور آخری انجیکشن 23 مارچ کو شیڈول ہے۔



