پاکستان ہاکی ٹیم نے 8 سال بعد FIH ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا

محمد عمران (ویب ڈیسک):اسلام آباد/اسماعیلیہ (مصر): پاکستان کی مردوں کی قومی ہاکی ٹیم نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے FIH ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفیکیشن حاصل کر لی ہے۔ یہ کامیابی 8 سال بعد ملی ہے، کیونکہ گرین شرٹس آخری بار 2018 میں ورلڈ کپ میں شرکت کر سکے تھے۔کوالیفائر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے میں 4-3 سے شکست دی۔ میچ کا فیصلہ آخری کوارٹر میں ہوا جب پاکستان 3-1 سے پیچھے تھا، لیکن آخری 8-9 منٹ میں تین شاندار گولز کرکے کم بیک کیا اور فتح حاصل کی۔پاکستان کے گول کرنے والے کھلاڑیوں میں ابوبکر محمود، محمد عماد، سفیان خان اور افروز شامل ہیں۔ میچ کا پلیئر آف دی میچ محمد عماد (پاکستان) کو دیا گیا۔یہ جیت پاکستان کی کوالیفائر میں مسلسل چوتھی فتح تھی۔ گروپ مرحلے میں پاکستان نے چین کو 5-4، ملائیشیا کو 5-3 اور آسٹریا کو 4-2 سے شکست دی تھی۔ ٹورنامنٹ مصر کے اسماعیلیہ میں Suez Canal Authority ہاکی سٹیڈیم میں 1 سے 7 مارچ تک جاری رہا۔ورلڈ کپ 2026 بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں مشترکہ میزبانی میں اگست میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اب انڈیا، جرمنی، انگلینڈ، آسٹریلیا سمیت دیگر کوالیفائیڈ ٹیموں میں شامل ہو گیا ہے۔یہ کامیابی پاکستان ہاکی کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے اور ملک بھر میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کھلاڑیوں نے فتح کے بعد شکر ادا کرنے کے لیے سجدہ بھی کیا۔



