پاک بحریہ نے فائر پاور کے شاندار مظاہرے سے آپریشنل تیاری کی تصدیق کر دی

کراچی: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سطح سے فضا میں مار کرنے والے ایف ایم۔90 (این) ای آر میزائل کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ کے ذریعے اپنی جنگی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا ایک بار پھر ثبوت پیش کر دیا۔اس فائر پاور ڈسپلے کے دوران پاک بحریہ کے جنگی جہاز نے تیز رفتار اور انتہائی چالباز فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے بحریہ کی دفاعی قوت اور جنگی تیاری واضح ہو گئی۔کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹ پر سوار ہو کر اس لائیو فائرنگ کا براہ راست مشاہدہ کیا۔ انہوں نے شریک افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے زور دے کر کہا کہ پاک بحریہ ہر حال میں پاکستان کے سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔یہ مشق پاک بحریہ کی مسلسل تیاریوں کا حصہ ہے جو جدید خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید ہتھیاروں کی آزمائش اور جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کی جاتی ہیں۔



