دفترِ خارجہ کا ڈاکٹر ایس جے شنکر کے بیان پر سخت ردِعمل: پاکستان کی مسلح افواج کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول قرار

Foreign Office Pakistan

محمد عمران:اسلام آباد (8 دسمبر 2025ء)۔ دفترِ خارجہ پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر سبرامنیم جے شنکر(Jaishankar) کے تازہ بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ”اشتعال انگیز، بے بنیاد اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ“ قرار دیا ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے آج جاری کردہ بیان میں کہا کہ بھارتی وزیرِ خارجہ نے ایک انٹرویو کے دوران پاکستانی مسلح افواج(Pakistan Army) پر براہِ راست حملہ کیا اور انہیں ”دہشت گردی کی سپورٹ کرنے والا ادارہ“ قرار دیا۔ ترجمان نے اسے ”پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی کے خلاف کھلی جارحیت“ قرار دیتے ہوئے کہا:”پاکستان کی مسلح افواج ملک کی سلامتی، استحکام اور دفاعِ وطن کا فخر ہیں۔ یہ افواج نہ صرف دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں سب سے آگے رہی ہیں بلکہ لاکھوں شہریوں کی جانیں بچانے اور علاقائی امن کے لیے قربانیاں دیتی رہی ہیں۔ بھارتی وزیر کا یہ بیان نہ صرف حقیقت سے انحراف ہے بلکہ خطے میں کشیدگی بڑھانے کی دانستہ کوشش ہے۔“ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت خود کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں میں ملوث ہے، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی اور ثالثی کے لیے دروازے کھلے رکھے ہیں۔دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو اقوامِ متحدہ، امریکہ اور دیگر عالمی اداروں نے بارہا تسلیم کیا ہے۔دفترِ خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے ”جارحانہ اور غیر ذمہ دارانہ بیانات“ کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔یاد رہے کہ مئی 2025ء کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور حالیہ دنوں میں بھی سرحدی جھڑپوں اور سفارتی بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔