اسرائیل نے ایران پر پیشگی حملہ کر دیا، تہران میں دھماکوں کی آوازیں

محمد عمران (ویب ڈیسک):تہران/تل ابیب (28 فروری 2026) — اسرائیل نے آج ہفتہ کی صبح ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر پیشگی حملے شروع کر دیے ہیں۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سرکاری طور پر تصدیق کی ہے کہ یہ حملے ایران کی جانب سے اسرائیل کے لیے درپیش خطرات کو ختم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق دارالحکومت تہران کے مرکزی علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ شہر کے مختلف حصوں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے ہیں۔ فارس نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ تہران کے یونیورسٹی اسٹریٹ اور جمہوریہ ایریا سمیت کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اسرائیلی فوج نے ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی کے پیش نظر ملک بھر میں ایئر ریڈ سائرن بجا دیے ہیں اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسرائیل میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔

امریکی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکہ اسرائیل کے ساتھ مل کر ان حملوں میں شریک ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ حملے ایران کے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ایران کی جانب سے ابھی تک سرکاری طور پر کوئی بڑی جوابی کارروائی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے تاہم ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کو اس حملے کی “سخت سزا” دی جائے گی۔خطے میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے جبکہ امریکہ، برطانیہ اور چین سمیت کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو ایران اور اسرائیل سے نکلنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے دونوں فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔