خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 24 دہشت گرد ہلاک

محمد عمران (ویب ڈیسک):خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیاں صوبے کے حساس اضلاع میں کی گئیں جہاں دہشت گرد عناصر کی موجودگی کی اطلاعات تھیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جسے دہشت گرد تخریبی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں امن و امان کو خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔



