برطانوی دفاعی میگزین کی تازہ ترین تحقیقاتی رپورٹ: مئی کی فضائی لڑائی میں بھارتی فضائیہ کو شدید دھچکا

محمد عمران (ویب ڈسک):مشہور برطانوی دفاعی اور ایوی ایشن میگزین “کی ایرو” کی ایک نئی تفصیلی تحقیق کے مطابق، رواں سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان صرف 52 منٹ تک چلی شدید ہوائی مقابلے کے دوران بھارتی فضائیہ نے اپنے چار جدید ترین فرانسیسی ساختہ رافیل جنگی طیارے کھو دیے۔یہ رپورٹ پاکستانی فضائیہ کے اعلیٰ ذرائع سے حاصل کردہ معلومات پر مبنی ہے، جس میں تباہ ہونے والے رافیل طیاروں کی شناخت BS001، BS021، BS022 اور BS027 کے طور پر کی گئی ہے۔ جریدے کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام ان طیاروں کی حالت یا تصاویر کے بارے میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکے، جو اس نقصان کی شدت کو مزید مشکوک بناتا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستانی فضائیہ کی جدید حکمت عملی، الیکٹرانک جنگ اور سائبر آپریشنز کے امتزاج نے بھارتی پائلٹس کو مکمل طور پر حیران کر دیا۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف رافیل بلکہ دیگر بھارتی طیارے جیسے مگ-29، سکھوئی-30 اور ایک ہیرون ڈرون بھی نشانہ بنے۔ ایک خاص انکشاف یہ ہے کہ پاکستانی JF-17 بلاک تھری نے ادھم پور میں نصب بھارتی S-400 دفاعی سسٹم کو بھی ناکارہ بنا دیا، جبکہ برنالہ میں کمانڈ سینٹر کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

یہ پہلا موقع تھا جب کسی فضائی افواج نے روایتی لڑائی کے ساتھ سائبر حملوں کو اس قدر مؤثر طریقے سے ملا کر استعمال کیا، جس سے بھارتی ڈیجیٹل نیٹ ورکس کا بڑا حصہ متاثر ہوا۔ رپورٹ بھارتی دعووں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتی ہے اور خطے میں ہوائی طاقت کے توازن پر نئی سوالات اٹھاتی ہے۔عسکری تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ انکشافات جنوبی ایشیا کی دفاعی حکمت عملیوں پر گہرا اثر ڈالیں گے۔ بھارتی فوج کی طرف سے ابھی تک کوئی سرکاری جواب سامنے نہیں آیا۔