شمالی وزیرستان میں بوئیہ فوجی کیمپ پر دہشت گرد حملہ: 5 دہشت گرد ہلاک، پاکستان کا افغان طالبان کو ڈیمارش

محمد عمران:شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں واقع بوئیہ فوجی کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ حملہ آوروں نے خودکش حکمت عملی اپناتے ہوئے بارودی مواد سے بھری گاڑی دیوار سے ٹکرائی اور شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ ہوئی۔ اس دوران کچھ فوجی اہلکار بھی زخمی ہوئے جبکہ حملے کی ذمہ داری اسود الحرب گروپ نے قبول کی، جو حافظ گل بہادر گروپ سے وابستہ ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
دوسری جانب، اس حملے پر اسلام آباد نے افغان طالبان کو سخت احتجاجی مراسلہ (ڈیمارش) صادر کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے افغان نائب سفیر کو طلب کر کے شدید تشویش کا اظہار کیا اور الزام عائد کیا کہ افغان سرزمین سے دہشت گرد گروپس کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آوروں اور ان کے سہولت کاروں کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور افغان حکام تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائیں تاکہ پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کو روکا جا سکے۔ پاکستان نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔



