پاک چین وزرائے خارجہ کا ساتواں اسٹریٹجک ڈائیلاگ آج بیجنگ میں

Pak-China

محمد عمران (ویب ڈیسک): پاکستان اور چین کے درمیان ساتواں پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ آج (4 جنوری 2026) چینی دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہو رہا ہے۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کے ساتھ اس ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کر رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار 2026 میں چین کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی اعلیٰ رہنما ہیں، اور یہ دورہ چینی وزیر خارجہ کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے۔یہ ڈائیلاگ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین مشاورت کا فورم ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، نئے شعبوں میں شراکت داری کی نشاندہی کی جائے گی اور پاک چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ڈائیلاگ کے دوران دونوں وزرائے خارجہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ (جو 2026 میں منائی جا رہی ہے) کے سلسلے میں متعدد اقدامات اور یادگاری سرگرمیوں کا بھی اعلان کریں گے۔اسحاق ڈار گزشتہ روز بیجنگ پہنچے تھے جہاں ایئرپورٹ پر چینی حکام اور پاکستانی سفیر نے ان کا استقبال کیا۔ یہ دورہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کرے گا۔