پاکستان کے وزیراعظم کو غزہ کے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت

محمد عمران: اسلام آباد (18 جنوری 2026) — پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے لیے بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی دعوت موصول ہو گئی ہے۔ یہ دعوت امریکہ کی جانب سے غزہ کی بحالی، عبوری انتظامیہ اور امن کے عمل کے لیے تشکیل دیے جانے والے بین الاقوامی بورڈ کے سلسلے میں دی گئی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں تصدیق کی کہ “پاکستان کے وزیراعظم کو امریکہ کے صدر کی جانب سے غزہ کے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔”
ترجمان کے مطابق، پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں میں فعال طور پر شریک رہے گا۔ اس کا مقصد اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردوں کے مطابق فلسطین کے مسئلے کا پائیدار حل تلاش کرنا ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکہ نے غزہ میں جنگ بندی کے بعد کی صورتحال کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا ہے، جس میں ایک عبوری تکنو کریٹک انتظامیہ، بین الاقوامی نگرانی اور بحالی کے اقدامات شامل ہیں۔ بورڈ آف پیس میں متعدد عالمی رہنماؤں کو دعوت دی گئی ہے، جن میں برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر، ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا اور دیگر شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اس دعوت پر حتمی فیصلہ ابھی سامنے نہیں آیا، البتہ وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ملک فلسطینی عوام کی حمایت اور علاقائی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔



