سابق گورنر سٹیٹ بینک اور نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر انتقال کر گئیں

Shamshad Akhtar

محمد عمران :کراچی (28 دسمبر 2025) – پاکستان کی معروف ماہر معاشیات اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی پہلی خاتون گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر 71 سال کی عمر میں کارڈیک اریسٹ کے باعث انتقال کر گئیں۔ وہ اس وقت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن بھی تھیں۔ڈاکٹر شمشاد اختر نے 2006 سے 2009 تک سٹیٹ بینکش کی گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ملک کی پہلی خاتون گورنر بنیں۔ وہ دو بار نگران وزیر خزانہ بھی رہیں، ایک بار 2018 اور دوسری بار 2023-2024 میں۔ انہوں نے عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور اقوام متحدہ کی ایشیا پیسیفک کمیشن میں بھی اہم عہدوں پر کام کیا۔ان کے انتقال پر صدر آصف علی زرداری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے معاشیات اور مالیاتی انتظام کے شعبے میں گرانقدر خدمات انجام دیں اور ملک کی معاشی گورننس کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر ملک کی ممتاز ماہر معاشیات اور ایک قابل اور ایماندار شخصیت تھیں۔ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحومہ نے معاشی شعبے میں ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انہیں پاکستان کی معاشی تاریخ میں ایک اصول پسند اور باوقار آواز قرار دیا۔ سابق سفیر ملیحہ لودھی نے انہیں ایک شاندار پروفیشنل اور دیکھ بھال کرنے والی انسان قرار دیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے بھی مرحومہ چیئرپرسن کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔ڈاکٹر شمشاد اختر کی نماز جنازہ کل اتوار کو ادا کی جائے گی۔ ان کے انتقال سے معاشی اور مالیاتی حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔